اسرائیل پر حملے کیلئے شمالی کوریا نے اسلحہ فراہم کیا،جنوبی کوریا کا الزام
سیول(صباح نیوز) جنوبی کوریا کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ان اشاروں کو مانیٹر کر رہے ہیں کہ جن کے مطابق یہ امکان ہے کہ حماس کے اسرائیل پر حملے کے لیے استعمال ہونے والا اسلحہ شمالی کوریا نے سپلائی کیا ہو۔ایک فوجی اہلکار نے مقامی صحافیوں کو دی گئی ایک بریفنگ میں کہا ہے کہ ہمیں ایسے شواہد مل رہے ہیں کہ شمالی کوریا مختلف اقسام کا اسلحہ مشرقِ وسطی کے ممالک کو برآمد کر رہا ہے۔حالیہ عرصے میں اس حوالے سے 122 ملی میٹر کے ریڈیئل آرٹیلری شیل بھی شامل ہیں جو اسرائیلی سرحد کے قریب سے ملے ہیں اور ان کے حوالے سے خیال کیا جاتا ہے کہ حماس اور اس تنظیم سے متعلقہ عسکریت پسند یہی شیل استعمال کرتے ہیں۔اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ حماس کی جانب سے پیراگلائیڈرز کے ذریعے دراندازی کا آئیڈیا بھی شمالی کوریا میں ہی پہلی مرتبہ دیکھا گیا تھا اور یہاں پیرا گلائیڈنگ کے ذریعے کسی علاقے پر حملہ کرنے کو ٹریننگ کا حصہ بنایا جاتا ہے۔


