جاپان کا غزہ کے شہریوں کیلئے ایک کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان
ٹوکیو(صباح نیوز) جاپان نے غزہ کے شہریوں کے لیے 10 ملین ڈالرز امداد دینے کا اعلان کر دیا۔ جاپان کی وزیرِ خارجہ یوکو کامیکاوا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے شہریوں کی مدد کے لیے 10 ملین ڈالرز امداد فراہم کریں گے۔ جاپانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر خارجہ کو بھی معاملے سے آگاہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپانی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ تشویش کے ساتھ غزہ کی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں،انہوں نے یہ کہا کہ جاپان کو امید ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی علاقوں میں جاری جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔وزیر خارجہ یوکو کامی کاوا نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ اسرائیل حماس تنازعے کے تمام فریق بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کریں گے۔ یوکو کامیکاوا نے مزید کہا ہے کہ وہ اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے لیے حتمی تیاری بھی کر رہی ہیں۔


