ماڑی جلبانی واقعہ، فورسز کے آپریشن میں مارے گئے افراد کے لواحقین کیلئے 80، 80 لاکھ روپے امدادکا اعلان
کراچی (ویب ڈیسک)سندھ کی نگران حکومت کی جانب سے سکرنڈ کے قریب ماڑی جلبانی واقعے میں 4 افراد کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین کیلئے امداد کا اعلان کیا گیا ہے،یاد رہے کہ 28 ستمبر کو سکرنڈ کے قریب گاؤں ماڑی جلبانی میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی میں 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔نگران وزیر داخلہ حارث نواز نے آئی جی سندھ کے ہمراہ گاؤں ماڑی جلبانی پہنچ کر لواحقین سے تعزيت کی اور لواحقین کو 80، 80 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔ وہاں گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر ریٹائر حارث نواز کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر یہاں آئے ہیں، واقعے پرافسوس ہے، واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔یادرہے کہ ہلاکتوں کے بعد ترجمان رینجرز نے بتایا تھا کہ ماڑی جلبانی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی گئی تھی،کارروائی کے دوران رینجرز اہلکاروں پر حملے میں 4 جوان زخمی ہوگئے،بعد ازاں پولیس اور رینجرز کی جوابی کارروائی میں 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔دوسری جانب واقعے کے بعد لواحقین نےمقتولین کی لاشیں رکھ کر قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا تھا، مظاہرین نے واقعے کا مقدمہ داخل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد دھرنا ختم کرکے مقتولین کی تدفین کردی گئی تھی۔


