مزاحمتی تنظیم کے شوریٰ چیئرمین جاں بحق، اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی اموات 4385 سے تجاوز کرگئی

بیت المقدس (صباح نیوز)غزہ پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4385 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ٹائمز آف غزہ کے مطابق ہفتے کو شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد4385 ہوگئی جن میں 1756 بچے اور 976 خواتین شامل ہیں۔ اسرائیلی حملے میں 13,561 فلسطینی زخمی ہیں جبکہ 1400 لاپتہ ہیں۔ اخبار کے مطابق اسرائیلی جنگ کی ہولناکیوں نے غزہ کو ایک بھوت شہر میں تبدیل کر دیا ہے، کیونکہ ہر طرف موت اور تباہی غالب ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس کی مجلس شوری کے چیئرمین اسامہ المزینی اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹر اسامہ المزینی المعروف ابو حمام اسرائیلی فوج کی بمباری میں زخمی ہونے کے بعد جان شہادت نوش کرگئے۔ہفتے کے روز حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں شہید مجاھد رہنما اسامہ المزینی کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر اسامہ المزینی کی شہادت دیگر ہزاروں شہدا میں وطن عزیز کی آزادی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا حصہ ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ المزینی چند روز قبل اسرائیلی بمباری کا نشانہ بننے کے بعد جام شہادت نوش کر گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں