قومی جھگڑوں سے بلوچستان میں بہت نقصان ہوا، قبائلی زعما حل کیلئے آگے آئیں، غفور حیدری
کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے قبائلی زعما قبائلی جھگڑوں کو حل کرنے کیلئے آگے آئیں ، بلوچ اور پشتون روایات میں ایک دوسرے کا احترام اور رواداری کا خیال رکھا جاتا ہے بلوچستان مزید قبائلی جھگڑوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار کمال خان بنگلزئی کی رہائش گاہ پر ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سردار جاوید لہڑی، سردار زادہ رامین بنگلزئی ودیگر قبائلی زعما بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ قبائلی جھگڑوں کے وجہ سے بلوچستان میں بہت نقصان ہوا ہے قبائلی عمائدین کو انکے تدارک کیلئے مزید کردار ادا کرنی چائیے قوموں کے درمیان برابری اور حسن سلوک ہی معاشرے کا حسن ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو تعمیر وترقی میں آگے ہونا چائیے اور ایک کامیاب معاشرے کی طرف سفر جاری رکھنی چائیے۔


