طالبان حکومت بھی مہاجرین کے معاملے پر بول اٹھی،پاکستان اپنی ذمہ داری پوری کرے ، امریکہ

کابل(این این آئی) افغانستان کے نائب وزیراعظم ملا عبدالسلام حنفی نے افغان مہاجرین کی پاکستان سے بے دخلی کو عالمی قوانین کے خلاف قرار دیدیا۔افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے سیکنڈ ڈپٹی پرائم منسٹر ملا عبدالسلام حنفی نے طورخم بارڈر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان سے آنے والے افغان مہاجرین سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا۔ملا عبد السلام حنفی نے کہا کہ پاکستان سے افغان مہاجرین کی بے دخلی عالمی قوانین اور اصولوں کے خلاف ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ افغان حکومت پاکستان سے آنے والے مہاجرین کے چیلنجز کو حل کرنے کےلئے پوری طرح تیار ہے۔انہوںنے کہاکہ مہاجرین کی زبردستی بے دخلی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے لیکن یہ کیا جارہا ہے، ہمارے بھائی بہن واپس آرہے ہیں یہ ان کا گھر ہے، اگر اس حوالے سے مسائل ہیں تو ہمیں انہیں حل کرنا ہے یہ ہمارا بنیادی ٹاسک ہے، یہ ہماری سرزمین ہے ہم اپنی طرف سے بہتر سے بہتر کریں گے۔ ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور دیگر ممالک افغان پناہ گزینوں کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کریں،امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے پڑوسی ممالک تحفظ کے خواہاں افغانوں کو داخلے کی اجازت دیں،بیان کے مطابق پاکستان سمیت افغانستان کے پڑوسی ممالک افغانوں کوامداد فراہمی کیلئے عالمی تنظیموں کے ساتھ رابطہ قائم رکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں