پسنی میں فوج کی 2 گاڑیوں پر مسلح حملہ، 14اہلکار جاں بحق، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (پ ر) بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں پر مسلح حملے میں 14 فوجی جوان جاں بحق ہوگئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پسنی سے اورماڑہ جانے والی فورسز کی 2 گاڑیوں پر گھات لگا کر مسلح حملہ کیا گیا، افسوسناک واقعے میں 14 فوجی جوان جاں بحق ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، گھناﺅنے فعل میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
کوئٹہ (آن لائن) مکران کوسٹل ہائی وے پر ”ملگور بینٹ ” نامی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے سیکورٹی فورسز کی کیو آر ایف پر حملہ کردیا،حملے میں صوبیدار اور نائیک سمیت 14 اہلکار جاں بحق ہوگئے ۔ اس سلسلے میں ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی شام کو نامعلوم مسلح افراد نے مکران کوسٹل ہائی وے پر سیکورٹی فورسز کی کیو آر ایف پر حملہ کردیا بتایا جاتا ہے کہ حملے میں سیکورٹی فورسز کے متعدد اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں ذرائع کے مطابق حملے میں صوبیدار عبیداللہ ، نائیک محمد سجاد،نائیک شہزاد گھومر سمیت لانس نائیک پردوم ولی،سپاہی فداحسین،باسط عمران،شہباز،سپاہی فیض الرحمان،سپاہی فداعلی ،سپاہی زاہدحسین،سپاہی محمد امین،سپاہی حمزہ،سپاہی سید مبارک شاہ اور سپاہی شبیر حسین شامل ہیں۔حملے کے دوران مکران کوسٹل ہائی وے پر ایک مسافر گاڑی بھی فائرنگ کی زد میں آگئی تھی لیکن گاڑی میں سوار افراد معجزانہ طور پر بچ گئے ۔ ٹرانسپورٹر ذرائع کی سیکورٹی فورسز نے مکران کوسٹل ہائی وے پر مسافر گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند کردی گئی ہے حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرا میں لیکر نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی دوسری جانب پولیس ذرائع نے حملے کی تصدیق کردی ہے لیکن انہوں نے جاں بحق اہلکاروں کی تعداد نہیں بتائی۔


