خضدار، کھٹان ندی سے بچاﺅ کیلئے کھنڈ اور جعفر آباد میں تعمیر حفاظتی بندات کا مکمل خاتمہ، ملحقہ آبادیاں شدید خطرے سے دوچار

خضدار (بیورو رپورٹ) خضدار میں کھٹان ندی سے بچاﺅ کے لیے کھنڈ اور جعفرآباد کے علاقے میں مبینہ طور پر تعمیر کیے گئے حفاظتی بندات کا مکمل خاتمہ ہوگیا ہے، اس صورتحال نے مقامی آبادی کو شدید تشویش میں مبتلاکردیا ہے اور اسے قابل مذمت عمل قرار دیا جارہا ہے، اہلیان جعفرآباد خضدار کا کہنا ہے کہ یہ بندات برساتی ریلوں کے خلاف واحد ڈھال تھے بندات ختم ہونے کے بعد پورا علاقہ کھٹان ندیوں کے رحم و کرم پر آچکا ہے، مقامی لوگوں کے مطابق ہر سال مون سون سیزن میں کھٹان ندی میں بڑے ریلے آتے ہیں، ماضی میں یہ حفاظتی بندات آبادی، فصلوں اور مال مویشی کو بڑے نقصان سے بچاتے رہے ہیں مگر اب ان کی عدم موجودگی نے جعفرآباد کھٹان سمیت ملحقہ دیہات کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے، علاقہ مکینوں نے متعلقہ اداروں کی غفلت اور لاپرواہی پر سخت برہمی کا اظہارکیا ہے، عوامی حلقوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں بتایا کہ گزشتہ سال سیلاب کے بعد یہ بندات تعمیر ہوئے تھے اس کے بعد سے یہی بندات ہمیں محفوظ رکھے ہوئے تھے، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ کئی سال سے ان کی کوئی مرمت نہیں کی گئی نتیجتاً آہستہ آہستہ یہ بندات کمزور ہو کر اب مکمل طور پر ختم ہوچکے ہیں جعفرآباد کے رہائشیوں نے کہا کہ ہم نے کئی مرتبہ حکام کو تحریری درخواستیں دیں مگر ہر بار فنڈز نہ ہونے کا بہانہ بنا کر ہمیں ٹرخا دیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ اب جب بندات سرے سے موجود ہی نہیں تو مرمت کس چیز کی ہوگی، اب نئے سرے سے تعمیر ہی واحد حل ہے، خواتین اور بچے اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بارش کا موسم آتے ہی ہمارے دل دہل جاتے ہیں، رات کو بچوں کے ساتھ جاگ کر گزارہ کرتے ہیں کہ کہیں پانی نہ آجائے، ہم غریب لوگ ہیں، ایک ہی کچا مکان ہے، وہ بھی بہہ گیا تو سڑک پر آ جائیں گے۔ عوامی حلقوں کا متفقہ موقف ہے کہ متعلقہ حکام فوری نوٹس لیں۔ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو جانی اور مالی نقصان کا خدشہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں