پنجگور میں پولیس کے مختلف علاقوں میں چھاپے، منشیات کے اڈے مسمار، 3 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد
پنجگور (نامہ نگار) ایس پی پنجگور ایاز خان کی خصوصی ہدایات پر ایس ڈی پی او پنجگور امیر جان، ایس ایچ او تھانہ سٹی ظہیر احمد، سی آئی اے ایس آئی عبیداللہ اور ایگل اسکواڈ کے ہمراہ ضلع پنجگور کے مختلف علاقوں میں متعدد چھاپے مارے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران منشیات سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث دو ملزمان کو منشیات سمیت گرفتار کیا گیا، پولیس ٹیم نے ایک اور کارروائی کے دوران ایک ملزم کو ایک ٹی ٹی پستول مع میگزین اور زندہ راﺅنڈ برآمد کر کے گرفتار کیا۔ مزید کارروائی کے دوران پنجگور پولیس نے منشیات کے اڈوں کو مسمار کردیا۔ کارروائیوں کے دوران مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کی گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔ تمام گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے تھانے منتقل کر دیا گیا۔ ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ملزمان کے نیٹ ورک اور ممکنہ روابط کا سراغ لگایا جاسکے۔ اس سلسلے میں پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کیخلاف مہم میں پولیس کا ساتھ دیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر دیں۔


