اختر مینگل حکومتوں کا حصہ رہ کر اپنے مفادات کے حصول کے بعد عوام کو گمراہ کرتے ہیں، جھالاوان عوامی پینل
وڈھ (پ ر) اختر مینگل کی سیاست مفاد پرستی و دوغلے پن پر قائم ہے، پی ڈی ایم حکومت کا حصہ رہنے کے بعد بیان بازی مضحکہ خیز ہے۔ جھالاوان عوامی پینل کے مرکزی ترجمان نے اختر مینگل کے گزشتہ شب بیان کے ردِ عمل میں اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اختر مینگل کی سیاست مفاد پرستی اور دوغلے پن پر قائم ہے۔ گزشتہ شب اختر مینگل نے ایک پروگرام میں کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے سوائے اپنے کیسز نمٹانے کے کچھ نہیں کیا۔ پی ڈی ایم کی حکومت اسٹیبلشمنٹ کے مدد سے وجود میں آئی جبکہ اختر مینگل نے پی ڈی ایم حکومت میں رہ کر گورنر شپ، وزارتیں، اربوں روپے کے فنڈز، قدوس حکومت کا بغل بچہ رہ کر پراسیکیوٹر جنرل کا عہدہ سمیت کئی مفادات حاصل کیے۔ اگر پی ڈی ایم حکومت اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے آئی تو اختر مینگل کیوں پی ڈی ایم حکومت میں شامل ہوا۔۔؟ اختر مینگل کے بقول ہمارا ایک بل تک پاس نہ ہوا، اختر مینگل کو چاہیے تھا کہ اس وقت بجائے گورنر شپ، وزارتیں مفادات لینے کے اپنے بل پاس کرواتا لیکن اس نے اور اس کی پارٹی قیادت نے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔ اختر مینگل کا شروع دن سے وطیرہ رہا ہے کہ پہلے حکومتوں کا حصہ رہ کر اپنے گروہی و سیاسی مفادات حاصل کرتا ہے اور بعد میں عوام کو گمراہ کرنی کے خاطر ان حکومتوں کیخلاف بیان بازی شروع کردیتا ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اختر مینگل اور اسکی شکست خوردہ پارٹی کی مفاد پرستانہ سیاست اب اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے بلوچستان کے عوام اس موقع پرست نام نہاد لیڈر کی منفی سیاست سے اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں۔ آنے والے انتخابات میں بلوچستان کے عوام اس مفاد پرست ٹولے کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئیے دفن کر دیں گے۔


