اب تک دشمن کے 160 سے زائد ڈرونز، جدید لڑاکا طیارے اور درجنوں کروز میزائل تباہ کیے جاچکے، سربراہ ایرانی فضائیہ
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی فضائیہ کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد سے اب تک 160 سے زائد دشمن ڈرونز، جدید لڑاکا طیارے اور درجنوں کروز میزائل تباہ کیے جاچکے ہیں۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایرانی فضائی دفاع کے مشترکہ ہیڈکوارٹر کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی رضا الہامی نے کہا ہے کہ ان کی افواج نے امریکی، اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک 160 سے زائد دشمن ڈرونز کو مار گرایا ہے۔ انہوں نے آرمی اور پاسداران انقلاب کے فضائی دفاعی یونٹس کے دورے کے دوران بتایا کہ تباہ کیے جانے والے ڈرونز میں ایم کیو-9، ہرمس اور لوکاس ماڈلز شامل ہیں، جبکہ اس دوران کئی جدید لڑاکا طیارے اور درجنوں کروز میزائل بھی نشانہ بنائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی فورسز نے دشمن کو کسی بھی حملے سے پہلے ہی نشانہ بنا کر اس کی کارروائیوں کو ناکام بنایا، جس سے مخالفین کی ”پروپیگنڈا مہم“ بھی بے نقاب ہوئی۔ بریگیڈیئر جنرل علی رضا الہامی نے کہا کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام ہر وقت دشمن کے طیاروں اور ڈرونز کی نگرانی کررہا ہے اور انہیں نشانہ بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔


