ٹی ایل پی کا طوفان الاقصیٰ ملین مارچ، اسلام آباد ریڈ زون مکمل طور پر سیل
اسلام آباد(این این آئی) تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کے طوفان الاقصیٰ ملین مارچ میں شرکت کےلئے بڑی تعداد میں کارکنان کااسلام آباد پہنچنے پر ریڈ زون مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) نے 5 نومبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیض آباد سے شاہراہ دستور تک طوفان الاقصیٰ مارچ کا اعلان کیا۔طوفان الاقصیٰ ملین مارچ میں شرکت کےلئے فیض آباد پل کے نیچے ایکسپریس ہائی وے پر بڑی تعداد میں کارکنان جمع ہوئے ہیں ،گاڑیوں اور بسوں میں سوار کارکنان نے فلسطین کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔دوسری جانب انتظامیہ اور پولیس نے اسلام آباد کا ریڈ زون مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔ریڈ زون کو جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ ایوب چوک ، ایکسپریس چوک اور نادرا چوک سے تمام راستے بند کر دیئے گئے۔ریڈ زون کے اطراف 3000 پولیس اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ انسداد بلوہ اور ایف سی اہلکار بھی ریڈ زون جانے والے راستوں پر تعینات رہے۔


