مجلس وحدت المسلمین کے تحت فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ میں تصویری نمائش کا اہتمام

کوئٹہ (آن لائن)مجلس وحدت المسلمین کے زیر اہتمام اسرائیلی مظالم اور سرزمین فلسطین کی مظلومیت کی عکاسی کے لئے مرکزی رہنماءعلامہ مقصود علی ڈومکی کی سربراہی میں اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ منعقدہ تصویری نمائش کے موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی ،سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی، جمعیت اہلحدیث کے صوبائی صدر مولانا فضل ربی، ایم ڈبلیو ایم کے رہنماءعلامہ ولایت جعفری، ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ آقائے ابو الحسن میری، عبدالہادی کاکڑ ایڈووکیٹ اور ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی جنرل سیکرٹری آغا سہیل اکبر شہزادی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی دہشت گرد ریاست نے غزہ کے ہسپتالوں، سکولوں اور عوامی مقامات پر بمباری کرکے جنگی جرائم انجام دیئے ہیں ان کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا جائے۔ اسرائیلی بربریت کو امریکہ اور برطانیہ سمیت دیگر قوتوں کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے ۔ مظلوم فلسطینی عوام کے صبر و استقامت اور بہادری کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے کہا کہ پاکستان کے عوام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں 56 اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔ تصویریں نمائش کا مقصد فلسطینیوں کی مظلومیت اور اسرائیلی کی دہشت گردی اور مکروہ چہرہ کو دنیا کے سامنے آشکار کرنا ہے ۔ ایسی شرمناک حرکت کر نے والا غاصب ملک کسی رعایت کا مستحق نہیں تمام اسلامی ممالک کو متحد ہوکر اس کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔ کیونکہ فلسطینی بغیر کسی جنگی سازو سامان کے اسرائیل کا مقابلہ کررہے ہیں ۔ غزہ کی آبادی کو بارود کا ڈھیر بناکر قتل عام کرنا نا قابل برداشت عمل ہے جس سے فلسطینیوں کی نسل کشی ہورہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں