کرونا وائرس کے باعث اے ڈی بی کا ہیڈ آفس غیر معینہ مدت کیلئے بند
منیلا: منیلا میں کرونا وائرس سے ایک شخص کے متاثر ہونے کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈ آفس کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیا گیا، اے ڈی بی کے تمام ملازم گھر بیٹھ کر کام کرینگے۔دوسری جانب صدر ٹرمپ نے یورپ سے امریکا کے سفر پر پابندی عائد کر دی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 30 دن کے لیے یورپ سے امریکہ آنے والوں کے لیے تمام سفر معطل رہے گا، ان سخت مگر ضروری پابندیوں کا اطلاق برطانیہ پر نہیں ہو گا جہاں 460 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے اور 8 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان نئی پابندیوں کا اطلاق جمعے کی شب 12 بجے سے ہوگا۔ادھر اقوام متحدہ نے متاثرہ ممالک کو ہنگامی اقدامات تیز کرنے کی اپیل کر دی، عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا اس سے پہلے کبھی ایسی وبا نہیں دیکھی۔ اٹلی میں پاکستانی سمیت 827 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ ایران میں تعداد 354 ہوگئی۔ اسپین میں 55، فرانس میں 48 اور جرمنی میں 3 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔سعودی عرب میں کرونا کے مزید 24 کیس سامنے آگئے، متاثرہ افراد کی تعداد 48 ہو گئی، امریکی اداکار ٹام ہینکس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ اب وہ تنہائی میں وقت گزاریں گے۔