ڈیل ہوگئی، حماس 13 اسرائیلیوں، 7 غیر ملکیوں کو رہا کرنے پر راضی ہوگیا

بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) حماس کی جانب سے 13 اسرائیلیوں اور 7 غیر ملکیوں کو رہا کرنے پر آمادگی ظاہر کردی گئی۔ ڈیل کے تحت حماس کی جانب سے 20 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے اسرائیلی قید سے 39 فلسطینی قیدی بھی رہا کئے جائیں گے۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بند کے ثالث قطر کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی رہائی کی راہ میں حائل رکاوٹیں قطر اور مصر کے دونوں فریقوں کے ساتھ رابطوں کے ذریعے دور ہو گئیں ہیں جبکہ حماس نے بھی رکاوٹیں دور ہو جانے سے متعلق تصدیق کر دی۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے "معاہدے کی تمام شرائط کو برقرار رکھنے” کے وعدے کے بعد یرغمالیوں کو رہا کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے حماس نے یرغمالیوں کی رہائی روک دی تھی اور کہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں ایک سے زائد مقامات پر فائرنگ کی ہے اور دو فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔ حماس کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت اسرائیل کو شمالی غزہ میں امدادی ٹرکوں کو رسائی دینی ہوگی اور رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں میں سینئر قیدیوں کو بھی شامل کرنا ہوگا۔ جواب میں اسرائیل نے حماس کو دھمکی تھی کہ نصف شب تک یرغمالیوں کو رہا کیا جائے، ورنہ حماس حملوں کیلئے تیار ہو جائے۔ اسرائیلی حکام نے شرائط کی کسی بھی خلاف ورزی کی تردید کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں