بلوچستان سے ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویو کل ہونگے، ن لیگ
کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل لاہور پہنچ گئے ،مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات بلوچستان میں آئندہ عام انتخابات میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صوبے سے پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویو کل ( بدھ کو) ہونگے ۔ مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے بتایا کہ بلوچستان کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کے انٹر ویو بدھ کو ہونگے جس میں پارٹی کے قائد میاں نواز شریف ، مرکزی صدر میاں شہباز شریف سمیت 35رکنی پینل امیدواروں سے انٹرویو کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان سے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ، یعقوب خان ناصر اور سابق اسپیکر راحیلہ حمید خان درانی بھی پینل کا حصہ ہیں ۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے بتایا کہ پیر کو پارٹی کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف، سردار ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق سے انکی ملاقات ہوئی جس میں آئندہ عام انتخابات میں اتحادی جماعتوں سے معاملات طے کرنے ،سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کو اتحادیوں سے ہونے والی ابتدائی ملاقاتوں کا احوال دیا ہے اور اتحادیوں کے ساتھ چلنے کے لئے حکمت عملی بھی مرتب کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ آنے والے دنوں میں مزید نشستیں بھی منعقد ہونگی جن میں مزید اہم امور طے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے پارٹی قیادت کا آگاہ کیا ابتدائی طور پر تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کر لئے گئے ہیں اب انہیں اتحادی جماعتوں کے جوابات کا انتظار ہے جبکہ مستقبل کے لائحہ عمل کو اتحادیوں کے ردعمل کے مطابق طے کیا جائے گا ۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے مزید بتایا کہ کل ہونے والے انٹرویوز میں ٹکٹ کے خواہشمند امیدار اپنی پروفائل اور مستقبل کے وژن کے حوالے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ امیدوارجو مجموعی طور پر اپنے حلقوں کے عوام میں مقبولیت رکھتے ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں مضبوط پوزیشن پر رہتے ہوئے پارٹی کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں کو ترجیح دی جائےگی ۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسے امیدوار سامنے لائیں گے جن کا فائدہ براہ راست عوام اور پارٹی کو پہنچے امیدواروں کی عوام میں مقبولیت اہم پہلو ہے جسے کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔


