فلسطین میں اب تک اسرائیلی جارحیت میں 3 ہزار سے زائد طالبعلم شہید ہوچکے
بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطین میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی جارحیت میں 3 ہزار 714 فلسطینی طالب علم شہید ہوچکے ہیں۔ فلسطینی وزارت تعلیم کے مطابق غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں 3 ہزار 714 طالب شہید ہوئے ہیں جب کہ 5 ہزار 700 طالب علم زخمی بھی ہوئے ہیں۔ وزارت تعلیم کے مطابق غزہ میں شہید طالب علموں کی تعداد 3 ہزار 679 اور مقبوضہ مغربی کنارے میں 35 طالب علم اسرائیلی جارحیت کا شکار ہوئے ہیں۔ وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیلی کارروائیوں میں غزہ میں 209 اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کے عہدیدار بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 619 زخمی ہوئے۔ اس کے علاہ مقبوضہ مغربی کنارے میں دو اساتذہ زخمی ہوئے جب کہ 65 کو گرفتار کیا گیا۔ غزہ کے شہدا میں 70 فیصد سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔ ادھر خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ ریم السلیم کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری میں شہید خواتین اور بچوں کی تعداد حالیہ تنازعات میں سب سے زیادہ ہے۔ ریم السلیم کے مطابق غزہ میں شہید فلسطینیوں میں 70 فیصد سے زیادہ خواتین اور بچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں مصائب اور ہولناکیوں کی ناقابل بیان سطح کو بیان کرنے کے لیے الفاظ ختم ہوچکے ہیں، اس جہنم میں فلسطینی عورت یا بچہ ہونے کا مطلب ہے کہ انسانیت، حفاظت یا کسی خاص تحفظ کو چھین لیا جائے۔


