بے حس حکمرانوں کو صرف اپنے پیٹ بھرنے کی پڑی ہے، مولاناواسع
کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ چمن میں پاک افغان بارڈر کی بندش سے ہزاروں لوگ بے روزگار اور سراپا احتجاج ہیں لیکن بے حس حکمرانوں کو صرف اپنے پیٹ بھرنے کی پڑی ہے، چمن بارڈر کی بندش مجرمانہ غفلت ہے حکومت فور ی طور پر ایس او پیزکے چمن بارڈر کھولنے کا اعلان کرے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لوگوں کی بڑی تعداد کا ذریعہ معاش بارڈر ٹریڈ ہے کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے کئی ماہ سے پاک افغان بارڈر بند ہے جسکی وجہ ہزاروں لوگ بے روزگار اور انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں ایسی صورتحال میں بارڈر پر کام کرنے والے افراد کے لئے نا تو حکومت کی جانب سے کوئی پیکج دیا گیا نہ ہی بارڈر کھولا جارہا ہے ایسی صورتحال میں لوگ بے بس ہوکر کئی روز سے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں لیکن حکومت کی بے حسی ہے کہ وہ اب تک ان افراد کے جائز مطالبات پر عملدآمد نہیں کرسکی انہوں نے کہا کہ جب ملک بھر میں تجا رت ایس او پیز کے ساتھ ہوسکتی ہے تو پاک افغان بارڈر کو کیوں بند کیا گیا ہے کہیں حکومت یہ فیصلہ جان بوجھ کر تو نہیں کر رہی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بے روزگار کیا جائے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کا معاشی استحصال کر رہی ہے جس کی ہم کسی صورت اجازت نہیں دیں گے وفاقی حکومت فوری طور پر پاک افغان بارڈر کو کھولنے کی اجازت دے اگر ایسا نہیں کیا گیا تو بھر پور احتجاج کریں گے


