عبدالفتاح السیسی تیسری مرتبہ بھاری اکثریت سے مصر کے صدر منتخب

قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) عبدالفتاح السیسی مسلسل تیسری بار بھاری اکثریت سے مصر کے صدر بن گئے۔ مصری الیکشن اتھارٹی نے صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ مصر میں صدارتی انتخابات 2024ءکے لیے 10 دسمبر سے 12 دسمبر تک ووٹ ڈالے گئے تھے، الیکشن اتھارٹی کے مطابق ووٹنگ کی شرح 66 اعشاریہ 8 فیصد رہی جو ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ تھی۔ نتائج کے مطابق عبدالفتاح السیسی نے 89 اعشاریہ 6 فیصد ووٹ لےکرکامیابی حاصل کی۔مصری الیکشن اتھارٹی کے مطابق صدارتی انتخابات میں 4 کروڑ 70 لاکھ ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کیا جن میں سے 4 کروڑ 47 لاکھ 72 ہزار سے زائد ووٹ درست قرار دیے گئے۔ الیکشن اتھارٹی کے مطابق عبدالفتاح السیسی نے 3 کروڑ 97 لاکھ سے زائد ووٹ لے کر واضح برتری حاصل کی۔ عبدالفتاح السیسی کے حریف امیدوار حازم محمد سلیمان عمر نے 19 لاکھ 86 ہزار ووٹ حاصل کیے۔ خیال رہے کہ سابق آرمی چیف اور نومنتخب مصری صدر عبدالفتاح السیسی پہلی بار 3 جون 2014 کو صدر منتخب ہوئے تھے، سال 2018ءکے صدارتی انتخابات میں 97 اعشاریہ صفر آٹھ فیصد ووٹ حاصل کرکے وہ دوسری مدت کے لیے صدر منتخب ہوئے تھے۔ مصری فوج کے سابق آرمی چیف عبدالفتاح السیسی نے 2013ءمیں مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کو معزول کرکے اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں