بتایا جائے 9 مئی کے واقعات پر مٹی کیوں ڈالی جا رہی ہے، جاوید لطیف

لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ بتایا جائے کہ 9 مئی کے واقعات پر مٹی کیوں ڈالی جا رہی ہے، الیکشن کو متنازع بنانے کی سازش کی جا رہی ہے، تیسری جماعت پیداکر نے کا شوق رکھنے والے بربادی کی سوچ لے کر آئے جس نے 4 سال ملکی نظام کو تباہ کیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے سہولت کاروں کے ڈانڈے کہاں ملتے ہیں، اربوں روپے کے اخراجات کا حساب کون دے گا۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر آج بھی کچھ لوگ ایسی سوچ کو بڑھاوا دے رہے ہیں، آپ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دیں گے تو مقبولیت کا پتہ چلے گا۔جاوید لطیف نے کہا کہ میں اس وقت بھی کہتا تھا کہ سہولت کاری ہو رہی ہے، کتنی آڈیوز لیک ہوئی تھیں؟ یہ تو بتایا جائے یہ سچی ہیں یا جھوٹی، اس کا بھی پتہ چلانا چاہیے کہ یہ آڈیوز کون لیک کرتا ہے،سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے پچھلی بار بات کہی تھی جسٹس قیوم ملک کی آڈیو آئی، آپ اس کو بھی سزا دو اور اس کیس کے ملزم کو بے گناہ بھی کرو۔انہوںنے کہا کہ الیکشن کو متنازع بنانے کی سازش کی جا رہی ہے،سارے تانے بانے انہیں سازشوں سے ملتے ہیں، 9 اور 10 مئی سانحے کی پالیسی بنانے والوں کو سزا نہیں دی جا رہی۔انہوںنے کہا کہ میثاق جمہوریت پر دستخط کیے تو 10 سال تک اطمینان رہا، تیسری جماعت پیداکر نے کا شوق رکھنے والے بربادی کی سوچ لے کر آئے جس نے 4 سال ملکی نظام کو تباہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں