بھٹو کے منشور روٹی، کپڑا اور مکان پر عمل کرتے ہوئے مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ کرینگے ،بلاول
کراچی(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو صرف ایک فرد یا کسی ایک جماعت کے لیڈر نہیں، بلکہ وہ ایک نظریہ، ایک تحریک اور ہماری عظیم قوم کے لئے رہنمائی کرنے والی قدآور شخصیت کے طور پر کھڑے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 96 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائد عوام کا ہر قدم قوم کے لئے ایک اہم اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا، ناقابل تسخیر قومی دفاع کے لئے جوہری پروگرام شروع کیا، پاکستان کو مسلم دنیا میں صف اول تک پہنچا یا اور چین کے ساتھ پائیدار دوستی کی مضبوط بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں اور پسماندہ طبقات کو حقوق دینا،خواتین کی تعلیم و خودمختاری کو فروغ دینے سے لے کر پاکستان پیپلز پارٹی کے قیام تک،قائد عوام کا ہر قدم سیاسی دور اندیشی اور پاکستان سے وابستگی کا مظہر ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت شہید بھٹو کے منشور روٹی، کپڑا اور مکان پر عمل کرتے ہوئے ملک سے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت پر قابو پانے کا اٹل ارادہ رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائدِ عوام کے نظریے کے مطابق پاکستان کو دنیا میں ایک خوشحال، مضبوط اور مساوات پر کھڑا ملک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔


