بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق نگران وزراءکو نوٹس جاری کردیے، فیصلوں کی کاپی طلب

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان ہائیکورٹ کے ڈویژنل بینچ نے مستعفی ہونے والے سابق نگران وزراءکو نوٹسز جاری کرتے ہوئے اپلیٹ ٹربیونل اور ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے طلب کر لئے۔ جبکہ 3درخواستوں پر فیصلے محفوظ 2امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز سواتی اور جسٹس روزی خان بڑیج پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے ایپلیٹ ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سماعت کی۔سابق نگران وزیر کھیل و ثقافت نوابزادہ جمال رئیسانی کی جانب سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف آئینی درخواست پر سماعت کے دوران جمال رئیسانی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ امیدوار جمال رئیسانی کے ووٹ کے اندراج کی درخواست آج الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے نگراں کابینہ سے استعفیٰ دینے والے دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظورہوچکے ہیں وفاقی نگراں کابینہ میں رہنے والے میر سرفراز بگٹی، عمیر محمد حسنی کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ نگراں کابینہ میں رہنے والے جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں فیصلے عدالت میں پیش کئے جائیں،ووٹ اندراج سے متعلق الیکشن کمیشن میں دائر درخواست کا فیصلہ بھی کل پیش کیا جائے دو رکنی بینچ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کردی ڈویژنل بینچ نے بلوچستان عوامی پارٹی کی امیدوار روبینہ عرفان،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے میر فائق جمالی اور میر شعیب نوشیروانی کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جبکہ بینچ نے صلاح الدین اور نور اللہ کو الیکشن کے لیے اہل قرار دےدیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں