پسنی میں ڈیزل کی قلت کے سبب پانی کا بحران تاحال برقرار
پسنی (نمائندہ انتخاب) پسنی، پانی بحران، بجلی کے بعد ڈیزل کا مسئلہ آڑے آگیا، پمپ اسٹشین میں ڈیزل کی عدم فراہمی کے باعث شہر میں سپلائی آب متاثر، پی ایچ ای اعلی افسران کی یقین دہانی پر کیسکو نے تو متعلقہ محکمے کی بجلی بحال کردی، لیکن اب ڈیزل کی فراہمی بند ہونے کی وجہ سے پسنی میں پانی بحران نے پھر سے سر اٹھا لیا،شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے اور ٹینکروں سے مہنگے پانی خریدنے پر مجبور، تفصیلات کے مطابق بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کیسکو نے محکمہ پبلک ہیلتھ پسنی کی بجلی کنکشن گذشتہ ماہ دو سے تین مرتبہ منقطع کردیئے تھے جس کی وجہ سے شہر میں پانی کا بدترین بحران پیدا ہوگیا تھا، ذرائع کے مطابق محکمہ پی ایچ ای کے اعلی افسران کی بجلی بلوں کے ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد کیسکو نے تو بجلی بحال کردی لیکن اب ڈیزل کا مسئلہ آڑے آگیا ہے، ذرائع کے مطابق ڈیزل سپلائی کرنے والے ڈیلر کے بھی بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کو ڈیزل کی فراہمی بند کردی ہے، جس سے شادی کور پمپنگ اسٹیشن کے جرنیٹروں میں ڈیزل نہ ہونے کی وجہ پسنی شہر کو سپلائی آب ایک بار پھر سے معطل ہے، جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔


