سابق نمائندوں کا احتساب کرنے کیلئے گھروں سے نکلنا ہوگا، پارلیمنٹ حقیقی نمائندوں سے طاقتور ہوگی، حاجی لشکری

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان گرینڈ الائنس کے سربراہ این اے 263 کوئٹہ سے امیدوار نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہاہے کہ عوام آٹھ فروری کو نظام اور سابق نمائندوں کا احتساب کرنے کیلئے گھروں سے نکلیں اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لئے درست انتخاب کریں ، پارلیمنٹ تب طاقتور ہوگی جب ووٹر اپنے ووٹ کا خود احترام کریں گے اور جب ووٹر اپنے ووٹ کا احترام کریں گے تو پھر سب ان کی رائے کا احترام کریں گے،میں اور میرے ساتھی طویل عرصہ سے سیاسی جدوجہد کا حصہ ہیں اور عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں اس لیے عوام کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں ،ہمارا مقصد وزارت کا حصول یا پارلیمنٹ تک پہنچنا نہیں۔یہ بات انہوںنے جمعہ کو حلقہ پی بی 41 سرکی روڈ رحمت کالونی ، حلقہ پی بی 42 کلی ابراہم شاہ خیل کچ موڑ اور پی بی 43 جوائنٹ روڈ پر انتخابی دفاتر کے افتتاح،حلقہ این اے 264 اورپی بی 46 مشترقی بائی پاس پر سردار پائند خان خلجی کی سربراہی میں اور بنگلزئی اسٹاپ مشرقی بائی پاس پر سید نذر محمد کی رہائش گاہ پر منعقدہ انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر بلوچستان گرینڈ الائنس کے این اے 264 سے امیدوار میر ہمایوں عزیز کرد، قاری اختر شاہ کھرل، لالا رحمت ، شفیق کاکڑ ، وقار خلجی، سردار پائند خان خلجی، سید نذرمحمد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی اورقومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر بلوچستان گرینڈ الائنس کے امیدواروں اور حمایت یافتہ امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا ۔سرکی روڈ رحمت کالونی میں انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ آٹھ فروری کو حلقے کے لوگ ایک نظریہ ، منشور اور فکر کے تحت اپنی رائے کا اظہار اپنے ووٹ کی طاقت سے کریں،انہوں نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ بہترین احتساب عوام کرتے ہیں آٹھ فروری کو حلقہ کے لوگ نظام اور سابق نمائندوں کا احتساب کرنے کیلئے گھروں سے نکلیں اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے لئے درست انتخاب کریں انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں حلقہ کے عوام کی رائے چھینی گئی 23 جنوری کو کیس کی دوبارہ سماعت ہے،انہوں نے کہا کہ حلقے کے ووٹر اپنے ووٹ کی طاقت کو سمجھیں امید ہے کہ حلقہ کے ووٹرز کو اپنے ووٹ کی اہمیت ، وقار اور طاقت کا احساس ہے اور ووٹ کی طاقت کو مزید فعال کرنے کیلئے آٹھ فروری تک گھر گھر جاکر ہمارا پیغام لوگوں تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ فروری کو عوام یہ فیصلہ کریں گے کہ آیا ہم نے اپنی زندگی ایسے ہی گزارنی ہے جیسے کئی دہائیوں سے گزار رہے ہیں یا پھر فیصلہ کرنا ہے کہ ہم نے اس پارلیمانی نظام میں اپنا حصہ ڈالنا ہے جہاں ہم صوبے اور ریاست کے درمیان ایک ڈائیلاگ کا آغاز کریں گے اور پارلیمنٹ وہ فورم ہے جوعوام اور ریاست کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ تب طاقتور ہوگی جب ووٹر اپنے ووٹ کا احترام کریں گے جب ووٹر اپنے ووٹ کا احترام کریں گے تو پھر سب ان کی رائے کا احترام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آٹھ فروری کو حلقے ، کوئٹہ شہر اور صوبے کے لوگ ایک جدید دور کے آغاز کی ذمہ داری بلوچستان گرینڈ الائنس کو دیں گے اور ہم پارلیمنٹ میں صوبے کی آواز بنیں گے،صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 42 کلی ابراہیم شاہ خیل کچ موڑ پر انتخابی دفتر کا افتتاح کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے لوگوں اور ہمارے خاندان کا رشتہ صدیوں پر محیط ہے اس شہر اور صوبے کے لوگوں کو کبھی تنہا نہیں چھوریں گے، آٹھ فروری کو عوام نے میرے اور میرے ساتھیوں کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا تو علاقے میں تعلیمی اداروں کے قیام سمیت بنیادی مسائل حل کریں گے،صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 43 جوائنٹ روڈ پر انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ پارلیمنٹ وہ فورم ہے جہاں عوام اور ریاست کے درمیان ڈائیلاگ ہوتا ہے اور قومی اکائی اور عوام کیلئے آئین و قانون سازی اور پالیسیاں تشکیل دی جاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ کارکن آٹھ فروری تک اپنی انتخابی مہم کو مزید تیز کریں، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 264 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 46 میں سردار پائند خان خلجی کی جانب سے منعقدہ انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ ہمارا اور ووٹر کے درمیان ایک تعلق اور رشتہ رہا ہے اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو عوام کے ووٹ کی طاقت کے ساتھ عوام کی نمائندگی کریں گے اور جو بھی مسائل ہیں ان کو حل اور سماج کو بہتری کی طرف لے جانے کی کوشش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں