عوامی طاقت سے کامیابی کے بعد عوامی مشاورت سے عوام کو بااختیار بناکر مسائل حل کرینگے،فیصل کریم کنڈی
ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور این اے 44 سے قومی اسمبلی کے امیدوار فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ان شااللہ عوامی طاقت سے کامیابی کے بعد عوامی مشاورت سے عوام کو بااختیار بناکر مسائل حل کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے محلہ ڈبہ تباخی میں معروف کاروباری شخصیت مرکزی انجمن تاجران کے راہنما حاجی غلام سبحانی کی رہائش گاہ پر منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا ۔ اس موقع پر حاجی غلام سبحانی ، کونسلر محمد عرفان۔ شیخ اکمل اور معروف سیاسی شخصیت نعیم خان وزیر نے بھی خطاب کیا پاکستان پیپلز پارٹی کے سٹی صدر سیٹھ فضل الرحمان بلوچ ، پارٹی کے روح رواں سردار جمی خان سدوزئی اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی جنہوں نے فیصل کریم کنڈی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور انکی کامیابی کو یقینی بنانے میں بے لوث انداز سے اپنا کردار ادا کرنے کے عہد کی تجدید کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میرے مدمقابل مولانا فضل الرحمان کو اپنی شکست کا اندازہ ہوچکا ہے وہ پشین سے الیکشن لڑ رہے ہیں ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام سے ہم ووٹوں کی درخواستیں کررہے ہیں جبکہ مولانا صاحب ووٹ مانگنے کو بھی تیار نہیں انہوں نے کہا کہ جماعتوں پر اچھا برا وقت آتا رہتا ہے تحریک انصاف اور ہمارا سیاسی مخالف ایک ہی جماعت اور شخصیت ہے آئیں پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم کو جوائن کریں اور آٹھ فروری کو اپنے سیاسی مخالف کی شکست یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد ہر ماہ ڈیرہ اسماعیل خان کی ہر یونین کونسل میں عوامی بیٹھک لگائی جائے گی میں خود کو عوام کے سامنے پیش کرونگا عوام اور علاقہ وائز کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو ترقیاتی کاموں اور میرٹ پر نوکریوں کی فراہمی کے فیصلے کرے گی انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دس نکاتی بہترین منشور دیا ہے ہم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین کی تعداد میں اضافہ کیا اس حوالے سے مزید پیش رفت کی جائے گی ڈیرہ اسماعیل خان میں واپڈا اور گیس کے مسائل کی زمہ دار ایک مذہبی سیاسی جماعت اور شخصیت ہے آٹھ فروری کے بعد ہم ان تمام زیادتیوں کا حساب لیں گے ۔ انہوں نے تقریب کا انعقاد کرنے پر حاجی غلام سبحانی اور دیگر تمام معززین علاقہ کا شکریہ ادا کیا۔


