عراق اور شام پر امریکی حملے، سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا
نیویارک (صباح نیوز) عراق اور شام پر حالیہ کیے گئے امریکی حملوں کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق روس کی درخواست پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس نے عراق اور شام پر امریکا اور برطانیہ کے مشترکہ حملوں کی مذمت بھی کی ہے۔روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کی بے توقیری کا مظاہرہ کیا ہے، حملوں میں عام شہری مارے گئے۔دوسری جانب امریکا اور برطانیہ نے یمن میں کچھ گھنٹوں کے دوران 48 مقامات پر حملے کیے ہیں۔ترجمان حوثی ملیشیا کے مطابق حملے یمن کے حوثیوں کو ان کے مقاصد سے نہیں روک پائیں گے، یہ حملے غزہ کے لیے ہمیں ہمارے اخلاقی، مذہبی اور انسانی موقف سے پیچھے نہیں ہٹائیں گے۔ حوثی ملیشیا کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان حملوں کا جواب دیا جائے گا۔علاوہ ازیں امریکی فوج نے یمن میں اینٹی شپ کروز میزائل تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق کروز میزائل سے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی تیاری کی جا رہی تھی، میزائل خطے میں امریکی بحریہ کے جہازوں اور تجارتی جہازوں کے لیے خطرہ تھا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکی کارروائی نیوی گیشن کی آزادی کا تحفظ کرے گی۔


