افغان حکومت نے طالبان قیدیوں کی رہائی معطل کردی
کابل: افغان حکومت نے سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے باعث طالبان قیدیوں کی آخری کھیپ کی رہائی معطل کردی ہے۔طلوع نیوزٹی وی نے منگل کے روز کہاکہ افغان حکومت نے سوموار کے روز ایک بار پھر 600طالبان قیدیوں کو رہا نہ کرنے کا سخت موقف دہرایا۔یہ قیدی طالبان کی رکنیت سے ہٹ کر سنگین جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔اب تک4ہزار طالبان قیدی جبکہ 500افغان سکیورٹی اہلکاروں کو رہا کیا جا چکا ہے۔طلوع نیوز نے مزید کہاکہ حکومت نے طالبان گروہ سے کہا ہے کہ وہ مخصوص افراد کو رہا کرنے کی درخواست نہ کریں جکہ طالبان نے ہمیشہ موقف اختیار کیاہے کہ انہوں نے امن مذاکرات کے دوران امریکی عہدیداروں کو اپنے مخصوص ساتھیوں کی فہرست دی صدارتی ترجمان صدیق صدیقی کا کہنا ہے کہ امریکہ نے طالبان کے ساتھ 5ہزار قیدی رہا کرنے کامعاہدہ کیا تھا، ہم توقع نہیں کرتے کہ طالبان ہمیں بتائیں کہ کسے رہا کرنا ہے۔قیدیوں کی رہائی اور تبادلے کا تنازع افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بین الافغان امن مذاکرات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔


