ڈی آئی خان کی تحصیل درابن میں تھانے پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا
ڈی آئی خان (انتخاب نیوز) خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل درابن میں تھانہ چودہوان پر تخریب کاروں کی جانب سے 4 اور 5 فروری کی درمیانی رات کیے گئے حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔تھانے پر حملے کا مقدمی محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں درج کیا گیا ہے۔درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ تخریب کاروں نے رات گئے تھانے پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے تھے۔ریجنل پولیس افسر (آر پی او) ناصر محمود نے حملے کی تصدیق کی تھی، یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا تھا جب ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد میں محض 3 روز باقی رہ گئے تھے۔ناصر محمود نے بتایا تھا کہ رات 3 بجے کے قریب تخریب کاروں نے بھاری ہتھیاروں سے تھانہ چودہوان پر حملہ کیا، پولیس اہلکاروں اور تخریب کاروں کے درمیان ڈھائی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، فائرنگ سے 10 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہوگئے تھے، انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا اختر حیات گنڈا پور نے بتایا تھا کہ 30 سے زائد تخریب کاروں نے 3 اطراف سے حملہ کیا، ڈھائی گھنٹے سے زائد وقت تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔


