سیاسی جماعتوں سے بات چیت جاری ہے،وفاق میں پی ٹی آئی ہی حکومت بنائے گی، اسد قیصر
پشاور (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے رہنماءاور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاق میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی، حکومت بنانے کے حوالے سے ہماری مختلف سیاسی جماعتوں سے بات چیت چل رہی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ الیکشن دھاندلی کیخلاف ہماری بھرپور تحریک چل رہی ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔ الیکشن کمیشن فارم 45 کے مطابق کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے حقوق ادا نہیں کر رہی، این ایف سی ایوارڈ کے مطابق ہمارے صوبے کو حصہ نہیں دیا جا رہا۔ اپنے صوبے میں کاروبار اور روزگار کی بحالی کیلئے جدوجہد کریں گے۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پورے خیبرپختونخوا کی آواز بنوں گا، بھرپور تیاری اور حکمت عملی سے صوبے کا مقدمہ لڑیں گے۔


