جلد ہی وزیر اعلیٰ بلو چستان کے لئے امید وار کا اعلان کیا جائے گا، پیپلز پارٹی
کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے جلد ہی وزیر اعلیٰ بلو چستان کے لئے امید وار کا اعلان کیا جائے گا، وزارت اعلیٰ کے لئے مرکز ی قیادت کا جو بھی فیصلہ ہوا وہ ہمیں منظور ہوگا۔یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں شرکت کیلئے آمد پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ انتخابات میں جنہیں شکست کا سامنا ہوتا ہے وہ یہی کہتے ہےں کہ دھاندلی ہوئی ہے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بر قرار رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز نے اہم کر دار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے مشورہ کیا ہے ،مرکزی قیادت کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ہمیں منظور ہوگا، جلدہی وزیر اعلیٰ بلو چستان کے لئے پیپلز پارٹی کے امید وار کا اعلان کر دیا جائے گا۔


