سندھ پولیس کے 2ہزار سے زائد اہلکار کورونا وائرس میں مبتلا

پاکستان میں صوبہ سندھ کی پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایک دن میں صوبے میں 171 پولیس اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد وائرس سے متاثرہ پولیس افسران اور جوانوں کی تعداد دو ہزار 96 ہو گئی ہے۔ترجمان کے مطابق اب تک کورونا کے دوران فرائض کی ادائیگی میں 16 پولیس افسران اور جوان ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق کراچی جبکہ دو کا حیدرآباد رینج سے تعلق تھا۔ اس وقت زیرعلاج افسران اور جوانوں کی تعداد 1584 ہے جبکہ 496 افسران اورجوان صحتیاب ہوکر گھر جا چکے ہیں۔سندھ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پراقدامات جاری ہیں۔دوسری جانب پاکستان میں کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 65 اموات ہوئی ہیں جبکہ دو ہزار 752 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔لاہور میں مسلم لیگ ن پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری کے والد اور معروف وکیل زاہد بخاری بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔ادھر پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا سے وینٹیلیٹر اور آکسیجن پر انحصار کرنے والے مریضوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ ان کے ٹویٹ کے مطابق 20 جون کو پاکستان بھر میں کرونا کے 2969 مریض آکسیجن پر اور 546 وینٹی لیٹر پر تھے۔ اب آکسیجن پر 1762 اور وینٹی لیٹر پر 394 ہیں.اسد عمر کے مطابق سیریس مریضوں کی تعداد میں 28 فیصد کمی ہوئی ہے۔ منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کے کرونا کی وبا کا پھیلاؤ روکنا ہم سب کے اجتماعی اختیار میں ہے۔ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں گے تو صحت کی حفاظت بھی ہو گی اور روزگار بھی چلتا ریے گا ورنہ جو امریکہ، برازیل اور بھارت جیسے ممالک میں ہو رہا ہے خدانخواستہ ہمارے یہاں بھی ہو سکتا ہے۔ہفتے کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں ایکٹیو کیسز میں واضح کمی دیکھی گئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار134 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 88 ہزار 94 ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 23 ہزار 569 ٹیسٹ کیے گئے۔ پاکستان میں اب تک دو لاکھ 46 ہزار351 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، جن میں سے پانچ ہزار 123 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار 752 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 65 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے دستیاب 1568وینٹی لیٹرز میں سے 394 زیر استعمال ہیں۔ گلگت بلتستان، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور بلوچستان میں کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں