پاکستان سے اتحاد قابل قدر ہے، مشترکہ مفادات آگے بڑھائیں گے، امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن ،کراچی(آن لائن) امریکا نے کہا ہے کہ نئے وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کے ساتھ ہماری مصروفیات مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر مرکوز رہیں گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران پنجاب کی خاتون وزیراعلی بننے کو سنگ میل قرار دیدیا۔ مریم نواز کا وزیراعلیٰ منتخب ہونا پاکستانی سیاست میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ امریکا پاکستان کے ساتھ اتحاد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جب کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری ہے۔خوشحال اور جمہوری پاکستان کو دونوں ممالک کے مفادات کے لیے اہم سمجھتے ہیں تاہم پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی حکومت کیساتھ کام کرنا ترجیح ہے جب کہ چیلنجز سے نکلنے میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔ آنیوالی پاکستانی حکومت کے پاس آئی ایم ایف پروگرام کو لاگو کرنے کی اہلیت ہے تاہم اگلے چند ماہ میں تشکیل دی گئی معاشی پالیسیاں پاکستان میں معاشی استحکام کے حوالے سے اہم ہیں۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ نئی حکومت کے ساتھ کام کرنا ہماری ترجیح ہوگی۔ اس حوالے سے مشترکہ کوشش کرنا ہوگی کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات درست سمت میں چلتے رہیں۔ اگر پاکستان معاشی اصلاحات کے اپنے عزم پر قائم رہتا ہے تو یہ ریفارمز سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کریں گی اور شرح نمو میں اضافے کا باعث بنیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اعتماد ہے کہ پاکستان یہ کر سکتا ہے ا ور ایک قرض پر انحصار سے آزادی پا سکتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں پاکستان مزید تجارت اور سرمایہ کاری خاص طور پر امریکی انویسٹمنٹ اپنے ہاں لانے میں کامیاب ہو۔ پاکستان کی معاشی ترقی ہماری اولین ترجیحات میں ہے اور ہم مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری جا ری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں