پی بی 21 سے کامیاب ہوا، مقامی انتظامیہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد کرے، صالح بھوتانی
حب(نمائندہ انتخاب )بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سردار محمد صالح بھوتانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انصاف کا تقاضہ پورا کرتے ہوئے میرے حق میں فیصلہ دیا کیوں کہ میں8فروری کے الیکشن میں حلقہPB21سے سب سے زیادہ ووٹ لیکر کامیاب ہوا ہوں، انھوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملکی اور عوام کے مفادات کو ملحوظ خاطر رکھ کر کام کیا ہے اور الحمد للہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہم صاف ستھری اور شفاف سیاست کے قائل رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے اور کبھی بھی منفی سیاست کا سوچا نہیں اور انشا اللہ اب بھی ہم ملکی اور قومی مفاد کی خاطر اپنی سوچ اور سیاست کا تعین کرینگے اور اداروں کے ساتھ بھی ہماری وہی ہم آہنگی رہے گی اور وہی تعلق رہے گا جو ہمیشہ سے رہا ہے اور ہم مثبت سوچ کے ساتھ چلیں گے سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ لوکل انتظامیہ ان معاملات میں بری طرح سے مداخلت کر رہی ہے، انھوں نے کہا کہ جس طرح ریٹرننگ آفیسر وغیرہ کا جو کردار ہے وہ افسوسناک ہے اور الیکشن کمیشن کے واضح فیصلے کے باوجود تاخیری ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں جسکا انہیں بہت افسوس ہو رہا ہے الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا ہے او ر امید ہے کہ مزید کاروائی کر کے ہدایات جاری کرے گا تاکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں فارم48اور49جاری کریں۔


