ایران سے تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے گا، تہران میں معتین پاکستانی سفیر کی گفتگو

کوئٹہ(یو این اے )تہران میں متعین پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ تجارت سے وابستہ افراد ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کرکے مقررہ تجارتی اہداف کا حصول ممکن بنائیں گے،بلوچستان کے ایکسپورٹرز ، امپورٹرزاور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مشکلات سے آگاہی کےلئے جلد زاہدان میں متعین پاکستانی قونصل جنرل بلوچستان آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ آن لائن میٹنگ کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں مشہد میں متعین پاکستانی قونصل جنرل شہریار مندوخیل اور زاہدان میں متعین قونصل جنرل محمد صدیق و دیگر نے بھی شرکت کی ۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی،نائب صدر سید عبدالاحد آغا،سنیئر ممبران حاجی محمد ایوب مریانی،حاجی فوجان بڑیچ،فدا حسین دشتی و دیگر نے پاکستانی سفیر کی توجہ بلوچستان کے ایکسپورٹرز،امپورٹرز اور ٹرانسپورٹرز کو پاک ایران دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی جانب مبذول کرائی اور انہیں بارڈرز مارکیٹ میں قیمتوں میں یکسانیت،تفتان اور میرجاواہ میں لوڈنگ آن لوڈنگ کی سہولیات،برابری کی بنیاد پر دوطرفہ تجارت کے فروغ،ویزے کے مسائل، دوطرفہ تجارت کے استحکام اور مقررہ تجارتی اہداف کی راہ میں درپیش رکاوٹوں بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں دونوں برادر اسلامی ممالک کو فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہیں اس بابت ایران میں متعین سفیر اور قونصل جنرلز کا کردار اہمیت کا حامل ہے،انہوں نے تجویز دی بلوچستان کے تجارت سے وابستہ افراد کا ایران جا کر وہاں متعین سفیر و دیگر حکام کو اس بابت آگاہ کرنے کیلئے ن سے ملاقاتیں مثبت نتائج کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی بلکہ ایران میں متعین سفیر کو ہم دعوت دیتے ہیں کہ وہ یہاں آئے تاکہ انہیں درپیش مسائل بارے معلومات مل سکے اور وہ خود زمینی حقائق سے واقف ہو۔اس موقع پر ایران کے دارالحکومت تہران میں متعین پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو کا کہنا تھا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین مستحکم دوطرفہ تعلقات وقت کی اہم ضرورت ہیں اس کے بغیر معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو گا،انہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کی جانب سے برآمدی اور درآمدی شعبہ جات میں درپیش مشکلات بارے آگاہی دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ایران کے شہر زاہدان میں متعین قونصل جنرل محمد صدیق کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر بلوچستان جاکر پاک ایران تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات بارے صورتحال کا جائزہ لیں انہوں نے کہا کہ چیدگی،رمدان،مند،تفتان بارڈرز مارکیٹ کی فعالی کےلئے بھی ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے بلکہ وہ خود بھی بلوچستان آکر صوبے کے امپورٹرز،ایکسپورٹرز اور ٹرانسپورٹرز سے انہیں دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں سے متعلق مزید جاننے کی کوشش کریں گے انہوں نے درپیش مسائل اور ان کے حل سے متعلق دی جانے والی تجاویز تحریری طور پر بھیجنے کی بھی ہدایت کی اور بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے مابین بارٹر و بارڈر ٹریڈ کے موجود مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں انہوں نے کہا کہ میرے آفس کے دروازے تجارت سے وابستہ افراد کےلئے ہر وقت کھلے ہیں میری ترجیح ہے کہ پاک ایران دوطرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمہ کےلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔اجلاس کے دوران مشہد اور زاہدان میں متعین پاکستانی قونصل جنرلز نے بھی اظہار خیال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں