افغان وزیر خارجہ کی اسحاق ڈار کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد، افغانستان دورے کی دعوت

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے برادرانہ دوطرفہ تعلقات کی تعمیر کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق افغان وزیر خارجہ کی جانب سے مبارکباد کی کال موصول ہونے کے بعد وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کی۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان رابطے، تجارت، سلامتی، انسداد تخریب کاری اور عوام سے عوام کے رابطوں میں تعاون کو بڑھانا پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ افغان وزارت خارجہ کے نائب ترجمان حافظ ضیا احمد کی جانب سے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ امیر خان متقی نے امید ظاہر کی کہ اسحاق ڈار کے عہدہ سنبھالنے سے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا ہوگا۔ بیان میں افغان وزیر خارجہ کے حوالے سے کہا گیا کہ خطہ اپنے مثبت روابط میں روز بروز اضافہ کر رہا ہے اور بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کا عملی کام علاقائی سطح پر شروع ہو رہا ہے اور ہم پاکستان میں تعمیری حصہ لینے کی توقع کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسحاق ڈار کو افغانستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں