عمران خان کا مینڈیٹ چوری پر مقدمے کا مطالبہ، ہماری جماعت نے 3کروڑ ووٹ حاصل کئے، دعویٰ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)8فروری کے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف عمران خان نے عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ مبینہ طور پر چرانے کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا، یاد رہے کہ امریکا میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) کے دفتر کے باہر پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق عمران خان نے آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر احتجاج کی حمایت کی جبکہ فوج مخالف نعروں پر لا تعلقی کا اظہار کیا۔ان کے دعوے کے مطابق جماعت نے انتخابات میں 3کروڑ سے زائد ووٹ حاصل کئے جبکہ باقی 17سیاسی جماعتیں مشترکہ طور پر اتنے ووٹ حاصل نہ کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے انتخابات میں بےضابطگیوں کا معاملہ آئی ایم ایف کے سامنے اٹھایا ہے، کئی غیرسرکاری تنظیموں نے بھی انتخابی عمل میں خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔عمران خان نے کہا کہ پہلے پی ٹی آئی کو ایک سازش کے تحت ’بلے‘ کے انتخابی نشان سے محروم کیا گیا اور پھر پی ٹی آئی سے مخصوص نشستیں بھی چھین لی گئیں، مینڈیٹ کی چوری غداری کے مترادف ہے، جس پر آرٹیکل 6 لاگو ہوتا ہے۔عمران خان کے مطابق الیکشن کمیشن، چند سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ نے الیکٹرانک ووٹنگ لانے کے منصوبے کو سبوتاڑ کیا۔عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس اسٹرکچرل اصلاحات کرنے کا کوئی مینڈیٹ نہیں ہے، حکومت کو مشورہ ہے کہ اگر قرض ادا کر سکتے ہیں تو ہی قرض لیں۔


