حلقہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں انتخابات کا حکم، 6پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کالعدم قرار
اسلام آباد(انتخاب نیوز)چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے اے این پی کے زمرد خان کی درخواست پر سماعت کی،تفصیلات کے مطابق عدالت نے حلقہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کی باہمی رضا مندی سے دیا۔وکیل جے یو آئی نے عدالت کو بتایا کہ جن پولنگ اسٹیشنز سے میرا موکل کامیاب ہوا صرف وہاں ری پولنگ کاحکم دیا، جہاں زمردخان جیتے وہاں بھی نتائج میں تضادہے، میرے موکل نے حلف بھی اٹھالیا، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن معطل کردیا۔چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ریمارکس دیئے کہ اتنی باریکیوں میں نہ لے کر جائیں ٹریبونل بن چکے اپیل وہاں دائرکریں، عدالت بیٹھ کر400الیکشن کیسزنہیں سن سکتی، فریقین رضامند ہیں توپورے حلقہ میں دوبارہ پولنگ کروادیتے ہیں۔بعدازاں فریقین کی رضا مندی سے سپریم کورٹ نے پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں الیکشن کالعدم قرار دے کر حلقے میں دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا، علاوہ ازیں عدالت نے الیکشن کمیشن کا صرف 6 پولنگ سٹیشنر پر دوبارہ ووٹنگ کرانے کا حکم کالعدم قرار دیدیا۔


