زرداری، نواز اور گیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس، نیب سے 17اپریل کو رپورٹ طلب

اسلام آباد(انتخاب نیوز)احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزیر اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی، اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر اظہر مقبول شاہ نے کہا کہ نواز شریف نے شامل تفتیش کرنے کی درخواست دی تھی، نواز شریف کو شامل تفتیش کرلیا گیا تھا، اب ہمارے تفتیشی افسر دستیاب نہیں ہیں، تفتیش کی روشنی میں رپورٹ پیش کریں گے کہ کیس چلایا بھی جاسکتا ہے یا نہیں۔تفصیلات کے مطابق نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ عدالت آئندہ سماعت تک کا وقت دے دیں، ہم رپورٹ جمع کروا دیں گے۔احتساب عدالت اسلام آباد نے صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف توشہ خانہ سے قیمتی گاڑیاں اور تحائف وصول کرنے سے متعلق ریفرنس میں آئندہ سماعت پر قومی احتساب بیورو (نیب) سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 17 اپریل تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں