آرمی چیف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، مستقبل میں ساتھ نبھانے کا عزم

راولپنڈی(انتخاب نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سعودی عرب پہنچے جہاں ان کی ملاقات سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ہوئی، تفصیلات کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئی ایس پی آر دونوں کے درمیان ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے باہمی تعلقات پربھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ عسکری و دفاعی تعاون، علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت بھی ہوئی۔ملاقات کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق نائب وزیر دفاع انجینئر طلال عبداللہ العطیبی بھی ملاقات میں موجود تھے جبکہ سعودی چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے بھی اس ملاقات میں شرکت کی۔اس موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاک سعودی تاریخی برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں، سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔شہزادہ محمد بن سلمان نے پاک سعودی تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مستقبل میں بھی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کیلئے حمایت اور گرم جوشی کے جذبات پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں