توانائی کی قیمتیں بڑھا کر پاکستان نے قرض اضافہ روکنے کا عزم کیا،آئی ایم ایف اعلامیہ

اسلام آباد(انتخاب نیوز)عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف )کی جانب سے معاہدہ طے پا جانے کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ پاکستانی حکام کی جانب سے بجلی اور گیس مہنگی کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کی معاشی اور مالی صورت حال میں بہتری آئی ہے، بہتر پالیسی مینجمنٹ کے باعث معاشی گروتھ اور اعتماد بحال ہوا ہے، امید ہے کہ پرائمری بیلنس 401 ارب روپے تک رہے گا اور امید ہے کہ پرائمری بیلنس معیشت کا 0.4 فیصد رہے گا۔ اس سال ترقی معمولی رہنے کی توقع اورافراط زر ہدف سے کافی زیادہ ہے، اقتصادی کمزوریوں سے نمٹنے کے لیے جاری پالیسی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔پاکستانی حکام ٹیکس بیس میں اضافے پر کاربند ہیں اور پاکستانی حکام نے بجلی اور گیس کی قیمتیں بروقت بڑھانے کا وعدہ کیا ہے، توانائی کی قیمتیں بڑھا کر گردشی قرض میں اضافہ روکنے کا عزم ظاہرکیا ہے۔علاوہ ازیں اعلامیے میں کہا گیا کہ مہنگائی میں کمی کے لیے اسٹیٹ بینک نے شرح سود برقرار رکھنے کا کہا ہے جب کہ اسٹیٹ بینک غیر ملکی کرنسی مارکیٹ میں شفافیت رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں