ڈیورنڈ لائن پر تجارتی سرگرمیاں 6 ماہ سے معطل، چمن میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہوگئی
چمن (یو این اے )پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع چمن کے ضلعی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ کردہ پریس ریلیز میں ڈیورنڈ لائن پر آزادانہ تجارتی سرگرمیوں اور پیدل نقل وعمل کی 6 ماہ سے بندش کی پیش نظر ماہ رمضان المبارک میں اچانک سرحدی شہر چمن میں بدامنی کی لہر، بڑھتی ہوئی وارداتوں، جرائم کے پے درپے واقعات کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ چمن میں حالیہ ماہ صیام میں امن و امان انتہائی مخدوش شکل اختیار کرچکی ہے۔ آئے روز جرائم کے واقعات کا تسلسل سے رونما ہونا معمول بن چکا۔ چوری ،راہزنی، ڈکیتی، موٹر سائیکل ،موبائل، نقدی، چھیننے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔دن دیہاڑے مسلح ڈاکو باقاعدہ ناکے لگا کر سرعام معصوم بیگناہ نہتے لاتعلق شہریوں کو لوٹتے اور مزاحمت پر شہریوں پر گولیاں چلاکر انہیں زخمی کرتے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال دگرگوں نہایت ہی ابتر اور خراب ہوچکی ۔ شہر میں ڈاکو راج قائم ہے کسی کی جان و مال محفوظ نہیں اب تک درجنوں واقعات ریکارڈ ہوچکے مگر نااہل عوام و پشتون دشمن صوبائی حکومت و ضلعی انتظامیہ لوٹ مار کرپشن و کمیشن اور بھتہ خوری میں مصروف ہے اور مسلسل اپنے فرائض انجام دہی میں ناکام نظر آتی ہے ۔ سول و پولیس انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں سے منہ موڑنے اور روگردانی جیسے سنگین جرم کے مرتکب ہورہے ہےں ۔جرائم پیشہ عناصر کالے شیشوں والی گاڑیوں کو ریاست کی جانب سے کھلے عام چھوٹ ہے۔ امن و امان خراب کرنے والوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جارہا بلکہ باقاعدہ ان کی پشت پناہی اور سرپرستی کی جارہی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گڑنگ چیک پوسٹ پر ایف سی کی جانب سے ناروا انٹری کے نام پر شہریوں کو تنگ کرنا اب روز کا معمول ہے۔ روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والی اشیاءخوردونش کی آزادانہ نقل و حرکت کے جائز و قانونی ٹیکس ادا شدہ تجارتی سرگرمیوں میں روڑے اٹکائے اور رکاوٹیں حائل کی جاری ہیں ۔بیان میں چمن پاسپورٹ آفس نے رشوت ستانی کی داستانیں رقم کیں پاسپورٹ آفیسر ملک نادر نے کرپشن و کمیشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے اور پاسپورٹ آفس میں رشوت خوری کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔بیان میں وفاقی محتسب سے چمن پاسپورٹ میں ہونے والی مالی بدعنوانیوں کا ریکارڈ قبضے میں لینے گڑنگ چیک پوسٹ کے فوری خاتمہ اور چمن میں امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے ۔


