نقصان دینے والے ادارے کا بوجھ نہیں اٹھایا جا سکتا، پی آئی اے کی نجکاری جون تک ہوجائے گی،مصدق ملک
اسلام آباد (انتخاب نیوز)وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نقصان میں چلنے والے ادارے کا مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے، خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ہوگی۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری جون تک ہو جائے گی جس کے لیے قانون سازی ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے قانونی سازی ہوچکی ہے، ہولڈنگ کمپنی کو تشکیل دے دی گئی جس کے بعد پی آئی اے کی نجکاری ہوجائے گی، جون تک پی آئی اے کی ایئرلائن کمپنی کے طور پر نجکاری ہوجائے گی۔انہوں نے یہ اظہار نجی چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے کیا ، علاوہ ازیں انہوں نے نجکاری پر پیپلزپارٹی سے اختلافات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی میں کئی سمجھدار لوگ موجود ہیں، مجھے یقین ہے کہ جب ہم بیٹھیں گے اور آپس میں سر جوڑیں گے تو ضرور کوئی نہ کوئی راستہ نکل آئے گا۔واضح رہے کہ اب تک پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل نہیں ہوسکا ہے لیکن نومنتخب حکومت جلد از جلد پی آئی اے سمیت مختلف اداروں کی نجکاری کے لیے پرعزم ہے۔


