دو سے تین سال میں ملکی حالات میں بہتری نظر آئے گی ‘ شزہ فاطمہ
لاہور( این این آئی)وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ،دو سے تین سال میں ملکی حالات میں بہتری نظر آئے گی ،حکومت کی کوشش ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے نظام کو بہتر کیا جائے، عوام کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، پنجاب میں وزیر اعلی مریم نواز شریف نے رمضان نگہبان پیکیج شروع کیا جو قابل تحسین ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر گرین ٹاﺅن میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے خصوصی دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے،اس سلسلے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی چیلنجز درپیش ہیں تاہم حکومت ان چیلنجز پر جلد قابو پا لے گی۔


