بحریہ کا سمندر میں آپریشن، 8 ایرانی ماہی گیروں کو بچا لیا گیا
راولپنڈی (پ ر) بحریہ نے کھلے سمندر میں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 8 ایرانی ماہی گیروں کو بچالیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بحریہ کے جہاز یرموک نے کھلے سمندر میں آتشزدگی کا شکار ایرانی کشتی کی طرف سے ہنگامی کال موصول ہونے پر بروقت ریسکیو آپریشن کیا اور کشتی پر سوار 8 ماہی گیروں کی جان بچالی۔پی این ایس یرموک نے کال سنتے ہی انسانی ہمدردی کے تحت انتہائی سبک رفتاری سے موقع پر پہنچ کر کامیاب ریسکیو آپریشن کیا اورتمام ماہی گیروں کو کامیابی سے ریسکیو کرنے کے ساتھ ساتھ بے قابو آگ کو بجھانے میں احسن کردار ادا کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بروقت اور کامیاب ریسکیو آپریشن بحریہ کی سمندر میں ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کا عملی نمونہ ہے، بحریہ کا انسانی ہمدردی کے تحت ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا غماز ہے۔
Load/Hide Comments


