ایس بی کے یونیورسٹی خضدار کے مسائل، عمارت جلد تعمیر اور عارضی ملازمین کو مستقل کریں، نیشنل پارٹی
خضدار(انتخاب نیوز)نیشنل پارٹی سٹی خضدار کے صدر نادر بلوچ ،نا ئب صدر شیر احمد قمبرانی ، جنرل سیکرٹری کریم بلوچ ، جوائنٹ سیکرٹری سعید احمد مردوئی ، فنانس سیکرٹری یوسف مینگل، رابطہ سیکرٹری رئیس احمد ، پریس سیکرٹری ریاض شاہوانی ، سینئر رہنماوسابقہ تحصیل پریس سیکرٹری کونسلر جعفرآباد علی اکبر زہری ، محمد اسحاق حقانی اور یونٹ سیکرٹری کوشک حافظ نزیر احمد گزگی نواز بلوچ ودیگر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کئی برس گزنے کے باوجود سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی خضدار کیمپس کی عمارت کی تعمیر نہ ہو سکی، عارضی عمارت میں طلباءکے لیے تعلیم حاصل کرنا انتہائی مشکل اور لیبارٹریز نہ ہونے کی وجہ سے معیاری تعلیم ایک خواب بن کر رہ گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی خضدار کیمپس کے ملازمین کئی سالوں سے کنٹریکٹ کے بنیاد پر ملازمت کررہے ہیں، طلباءکو پریکٹیکل کے لیے لیب نہ ہونے کی وجہ سے لیب ورک نہیں ہوپاتے جس سے معیاری تعلیم ممکن نہیں ہو پا رہی ، ٹرانسپورٹ کی مناسب سہولت نہ ہونے کی وجہ سے طلباءکوگھر سے کیمپس آنے میں مشکلات درپیش ہیں، رہنماوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کئی برس گزرنے کے باوجود ایس بی کے خضدار کیمپس کے عمارت کی تعمیر نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے حالانکہ ادارے کے لیے زمین بھی مختص کی گئی تھی حکومتی عدم دلچسپی کی وجہ سے آج بھی طلباءعارضی جگہ کلاسز لینے پر مجبور ہیں، کلاسز بھی بڑی مشکل سے ہو پا رہی ہیں، کئی برسوں سے اپنی ذمہ داریاں نبھانے والے ملازمین بھی اپنی مستقلی کے منتظر ہیں، مستقلی کی سمری کئی سالوں سے گورنر بلوچستان کے ایک دستخط کا انتظار کر رہی ہے، رہنماوں نے مزید کہا کہ اعلی احکام کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سمری پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے ، لیکچرارز ایڈمن افیسران سمیت نچلے سطح کے ملازمین کو مستقل نہ کرنا تعلیم دشمنی ہے۔ رہنماوں نے گورنر بلوچستان وزیر اعلی بلوچستان ایم پی اے خضدار سے مطالبہ کرتے ہوئیں کہا کہ سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی خضدار کیمپس کی عمارت کے تعمیر کو جلد از جلد شروع کرکے ادارے میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کیا جائیں تاکہ خضدار کے طلباءکے لیے معیاری تعلیم ممکن ہو سکے۔


