میرے شہد میں کچھ ملایا تھا، عمران خان کو کچھ ہوا تو ذمہ داری اسٹیبلشمنٹ پر عائد ہوگی، بشریٰ بی بی

راولپنڈی(انتخاب نیوز)سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل میں قائم کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ گزشتہ سماعت پراڈیالہ جیل پیشی کیلئے آئی تو بنی گالہ میں میرے شہد میں کچھ ملایا گیا تھا، میں شہد استعمال کرتی ہوں واپس جا کے شہد کھایا تو طبیعت بگڑ گئی۔بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری اسٹیبلشمنٹ پر عائد ہوگی، عمران خان عوام کی آواز اور ملک وقوم کی خاطر جیل میں ہیں، بانی پی ٹی آئی ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی کو کچھ ہوا تو عوام ان کو معاف نہیں کریں گے۔تفصیلات کے مطابق کمرہ عدالت میں گفتگو کے دوران بانی پی ٹی آئی بشریٰ بی بی کو بات کرنے سے روکتے رہے، اس دوران بانی پی ٹی آئی بشریٰ بی بی کا بازو پکڑ کے پیچھے لے گئے جس پر بشریٰ بی بی نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بے ضمیر لوگوں سے نہیں باضمیر لوگوں سے مخاطب ہوں، عمران خان چاہتے تو وہ بنی گالہ میں آرام کی زندگی گزار رہے ہوتے، بانی پی ٹی آئی نے اقتدار میں اور اقتدار کے بعد کبھی کسی کو نہ نقصان پہنچایا اور نہ کسی کو مارنےکا کہا، بانی پی ٹی آئی کے خمیر میں بدلہ لینا نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ کچھ بھی کرلیں یہ عوام میں جانے کے قابل نہیں رہیں گے، حالات بہتری کی جانب نہیں جا رہے، اگر حالات ٹھیک ہوتے تو رانا ثنا اللہ کی جانب سے ایسا بیان نہ دیا جاتا، چیزوں کو بہتری کی طرف جانا چاہیے تھا مگر جانہیں رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں