محکمہ خوراک سندھ میں گندم چوری کے باعث 3 ارب 22 کروڑ روپے کا نقصان
کراچی (انتخاب نیوز) محکمہ خوراک سندھ کے عہدیداروں کی غفلت کے باعث گندم خراب ہونے اور اس کے اعداد وشمار بھی غلط ریکارڈ ہونے کے باعث قومی خزانے کو 3 ارب 22 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سندھ کے محکمہ خوراک کے عہدیداروں نے قومی خزانے کو 3 ارب 22 کروڑ کا نقصان پہنچایا، محکمے نے 2022ءکے دوران بارشوں سے گوداموں میں گندم خراب ہونے کا جو ریکارڈ پیش کیا تھا وہ غلط نکلا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے مختلف گوداموں سے پچھلے برسوں میں 3 لاکھ 79 ہزار 62 گندم کی بوریاں چوری کی گئی تھیں، بوریوں کی مالیت 3 ارب روپے سے زائد بنتی ہے جبکہ محکمہ خوراک کے کرپٹ ملازمین کی جانب سے2022کی بارشوں کا غلط فائدہ اٹھایا گیا۔ تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ خوراک کے اہلکار گندم کی چوری اور اسمگلنگ میں براہ راست ملوث ہیں، چوری ہونے والی گندم کی جگہ خراب گندم میں مٹی اور پتھر ملا کر ریکارڈ پورا کرنے کی کوشش کی گئی۔


