پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 16 ، قومی اسمبلی کا اجلاس 18 اپریل کو ہوگا
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس 16 اپریل کو بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ صدر کے خطاب سے باضابطہ طور پر پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا۔قومی اسمبلی کا اجلاس 18 اپریل کو ہوگا، قومی اسمبلی اجلاس میں صدر کے پارلیمان سے خطاب پر بحث ہوگی۔سینیٹ انتخابات کے بعد نو منتخب سینیٹرزکی حلف برداری کے معاملے پر سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس طلب کرنے سے متعلق مراسلہ پارلیمانی امور کو ارسال کردیا۔ذرائع کے مطابق سینیٹ سیکرٹریٹ نے اجلاس طلب کرنے سے متعلق مراسلہ پارلیمانی امور کو ارسال کردیا جس کے مطابق سینیٹ اجلاس 5 اپریل بروز جمعہ طلب کرنے کی سمری ارسال کی گئی۔نومنتخب سینٹرز سے حلف لینے کیلئے پریزائڈنگ افسر کی تعیناتی کے لیے صدر مملکت کو مراسلہ ارسال کیا گیا۔ ذرائع سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق نومنتخب سینیٹرز کی حلف برداری کے لیے پریزائڈنگ افسر کی تعیناتی آئینی تقاضہ ہے، پریزائڈنگ افسر ہی نئے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کرائیں گے۔ذرائع کے مطابق خیبر پختوانخوا میں سینیٹ انتخاب ملتوی ہونے کی صورت میں چیئرمین وڈپٹی چیئرمین کا انتخاب عید کے بعد ہوگا۔ سینیٹ اجلاس میں نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے جبکہ اگلے مرحلے میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جائے گا۔


