عوام پیاروں کیساتھ عید منانے کیلئے پریشان، ٹرینوں کی سو فیصد بکنگ مکمل ہو گئی

کراچی(این این آئی)عید کی آمد کے پیش نظر پردیسیوں کی اپنے آبائی علاقوں میں واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیاہے۔ذرائع کے مطابق ریلوے کی پشاور،لاہوراورکوئٹہ جانے والی تمام ٹرینوں کی عید تک100 فیصد بکنگ مکمل ہو گئی، سیٹوں کی بکنگ نہ ہونے کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔عید کے موقع پر ریلوے کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لیے 4 اسپیشل ٹرینیں بھی چلائی گئی ہیں، کراچی سے لاہور سے جانے والی عید اسپیشل ٹرینوں کی بھی 100 فیصد بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ریلوے ذرائع نے بتایاکہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی عید اسپیشل ٹرین کی 70 فیصد بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔ریلوے انتظامیہ نے عید اسپیشل ٹرینوں کا شیڈول بھی جاری کردیا جس کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سے 7 اپریل کو شام 6 بجکر 10 منٹ پر روانہ ہو گی اور اگلے روز ایک بجکر 15 منٹ پر مسافروں کو لیکر پشاور کینٹ پہنچے گی۔دوسری عید اسپیشل ٹرین 7 اپریل کو ہی صبح 10 بجے کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گی جو اگلے روز 4 بجکر 15 منٹ پر راولپنڈی پہنچنے گی۔تیسری عید اسپیشل ٹرین 8 اپریل کو کراچی سے لاہور کے لئے رات 9 بجے روانہ ہو کر اگلے روز شام 5 بجکر 55 منٹ پر لاہور پہنچے گی، چوتھی عید اسپیشل ٹرین 19 اپریل کو لاہور سے کراچی کے لئے شام 5بجے روانہ ہو کر 20اپریل کو دن ایک بجکر 45منٹ پر کراچی کینٹ پہنچے گی۔ذرائع نے بتایاکہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ممکنہ طور پر ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز بھی لگائی جائیں گی، کوچز لگانے کا فیصلہ آخری ایام میں مسافروں کے رش کو مد نظر رکھ کر کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں