عمران خان کیلئے دعائیہ تقریب، علیمہ خان سمیت درجنوں کارکنان پر مقدمہ درج

راولپنڈی (انتخاب نیوز) راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان سمیت پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے دعائیہ تقریب منعقد کرنے سے متعلق لاﺅڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی، شاہراہ عام بند کرنے اور سرکاری اہلکاروں سے مزاحمت سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماﺅں و کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر تھانہ سٹی کے ایس ایچ او سب انسپکٹر سجاد احمد کی مدعیت میں درج کی گئی۔ ایف آئی آر میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان، سینیٹر سیمی زیدی، بریگیڈیئر ریٹائرڈ مشتاق احمد، عاصمہ قدیر، میجر ریٹائرڈ اقبال خٹک، راجہ عثمان ٹائیگر، زیاد خلیق کیانی، چوہدری میر افضل، شوکت بسرا، کرنل ریٹائرڈ اجمل صابر، طارق عزیز بھٹی، نیاز اللہ نیازی، شہریار ریاض، تنویر اسلم، سیمابیہ طاہر اور دیگر کو ملزم نامزد کیا ہے۔ مقدمے کے مطابق ملزمان نے لیاقت باغ پولیس ریسکیو ون فائیو کے سامنے سڑک پر رک کر نعرے بازی کی جس پر انہیں متعدد بار سڑک کھولنے اور ٹریفک بحال کرنے کا کہا گیا تاہم وہ مشتعل ہوگئے اور پریس کلب کے سامنے جا کر ہلڑ بازی کی۔ ملزمان نے سرکاری افسران سے مزاحمت کی، لاﺅڈ اسپیکر کے ذریعے نعرے بازی اور ٹریفک میں رکاوٹ ڈالی جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں